سولیا،27؍جون (ایس او نیوز) ایک خاتون کو راہ چلتے ہوئے اغوا کرکے ربرپلانٹیشن لے جاکر اجتماعی عصمت دری کرنے کا جو واقعہ امراموڈنور میں پیش آیا تھا ا س ضمن میں بیلارے پولیس نے تین نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق اس جرم کے لئے استعمال ہونے والے دو آٹو رکشہ بھی اس نے ضبط کرلیے ہیں۔معلوم ہو اہے کہ جن تین لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے ان میں سے ایک قلی مزدوری کرتا ہے اور بقیہ دو افراد رکشہ ڈرائیورس ہیں اور تینوں امراموڈنور گاؤں کے ہی رہنے والے ہیں۔
عصمت دری کاشکار خاتون کا کہنا ہے کہ اسے زبردستی ربرپلانٹیشن میں لے جانے کے بعد ملزمین نے اجتماعی عصمت دری کی اور اس تعلق سے گھر والوں کو بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ عصمت دری کے بعد جب اس خاتون کو آٹو رکشہ میں لاکر شینی کے قریب چھوڑا جارہا تھا تو خاتون کے بڑے بھائی نے یہ منظر دیکھا اور پوچھ تاچھ کرنے پراس نے تمام تفصیلات بتائی۔ اس کے بعد گھر والوں نے بیلارے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔